یونیورسٹی سٹاف ویلفیئر ایسوسی ایشن(اسوا)

University Staff Welfare Association

International Islamic University, Islamabad

اسوا قائدین کی صدر اسوا جناب محمد طارق خان کی قیادت میں ڈاکٹر محمد مشتاق سے ملاقات، بحالی پر مبارکباد

یونیورسٹی سٹاف ویلفیئر ایسوسی ایشن (اسوا) کے قائدین نے صدر اسوا جناب محمد طارق خان کی قیادت میں ڈاکٹر محمد مشتاق سے ملاقات کی اور ان کی بحالی پر مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر اسوا قائدین نے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ پیش رفت ان تمام ملازمین کے لیے حوصلہ افزا پیغام ہے جو اپنے جائز حقوق کے حصول کے لیے قانونی اور پرامن جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں۔

اسوا قیادت نے اس موقع پر کہا کہ حق اور سچائی کی بنیاد پر کی جانے والی جدوجہد کبھی رائیگاں نہیں جاتی اور بالآخر انصاف اور قانون کی بالادستی قائم ہوتی ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ ملازمین کے مسائل کے حل کے لیے آئینی، قانونی اور ادارہ جاتی طریقۂ کار کو اختیار کرنا ہی بہترین راستہ ہے۔

اسوا قائدین نے جامعہ کے صدر و ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس معاملے کو انصاف، شفافیت اور قانون کے تقاضوں کے مطابق حل کرنے میں مثبت کردار ادا کیا۔ اسوا رہنماؤں کے مطابق جامعہ انتظامیہ نے بورڈ آف گورنرز کے فیصلے پر عمل درآمد کو یقینی بنایا، جس کے نتیجے میں یہ معاملہ خوش اسلوبی سے حل ہوا۔

اسوا نے اس توقع کا اظہار کیا کہ جامعہ کی موجودہ قیادت مستقبل میں بھی میرٹ، شفافیت اور قانون کی حکمرانی کے اصولوں کو فروغ دے گی اور ملازمین کے جائز مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھے گی۔

ڈاکٹر محمد مشتاق نے اس موقع پر اسوا قیادت، ساتھی ملازمین اور تمام خیرخواہوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات میں ملنے والی اخلاقی حمایت اور نیک تمنائیں ان کے لیے حوصلے اور طاقت کا ذریعہ بنیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی تمام تر صلاحیتیں اور توانائیاں جامعہ کی ترقی، بہتری اور ادارے کی خدمت کے لیے وقف رکھیں گے۔

ملاقات کے اختتام پر اسوا قائدین نے ڈاکٹر محمد مشتاق کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور تجربے کے ذریعے جامعہ کی علمی و انتظامی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرتے رہیں گے۔ اسوا نے اپنے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ وہ ملازمین کے حقوق، فلاح و بہبود اور انصاف کے حصول کے لیے آئندہ بھی اپنی مثبت اور تعمیری جدوجہد جاری رکھے گی۔

Scroll to Top