
بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے ٹرانسپورٹ سیکشن میں یونیورسٹی سٹاف ویلفیئر ایسوسی ایشن (اسوا) کی باضابطہ رجسٹریشن کی خوشی میں مٹھائی تقسیم کی گئی۔ اس موقع پر ٹرانسپورٹ سیکشن کے ملازمین نے اسوا کی رجسٹریشن پر مسرت کا اظہار کیا اور اسے ملازمین کی فلاح و بہبود، حقوق کے تحفظ اور اجتماعی جدوجہد کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔
اس موقع پر اسوا کے نمائندوں نے یونیورسٹی انتظامیہ کی توجہ ملازمین کے زیرِ التوا مالی مطالبات کی جانب مبذول کراتے ہوئے مطالبہ کیا کہ 7 فیصد ایڈہاک ریلیف الاؤنس، 15 فیصد ڈسپیرٹی ریڈکشن الاؤنس (ڈی آر اے) اور 85 فیصد ہاؤس رینٹ سیلنگ الاؤنس اکتوبر 2026ء کی تنخواہ کے ساتھ شامل کیے جائیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ منظور شدہ مالی فوائد کی عدم ادائیگی ملازمین کے لیے تشویش کا باعث ہے، لہٰذا ان مطالبات پر فوری توجہ دی جائے۔
ٹرانسپورٹ سیکشن کے ملازمین نے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے عہد کیا کہ اگر مذکورہ الاؤنسز اکتوبر کی تنخواہ کے ساتھ ادا نہ کیے گئے تو وہ اسوا کی کال پر ہونے والے پُرامن احتجاج میں بھرپور شرکت کریں گے۔ ملازمین نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ اپنے جائز حقوق کے حصول کے لیے وہ اسوا کے ساتھ متحد رہیں گے۔
یونیورسٹی سٹاف ویلفیئر ایسوسی ایشن (اسوا) نے انتظامیہ پر زور دیا کہ ملازمین کے جائز مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور منظور شدہ مالی فوائد کی ادائیگی یقینی بنائی جائے۔ اسوا اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ وہ ملازمین کے حقوق اور فلاح و بہبود کے لیے پُرامن، قانونی اور جمہوری طریقے سے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔