یونیورسٹی سٹاف ویلفیئر ایسوسی ایشن(اسوا)

University Staff Welfare Association

International Islamic University, Islamabad

یونیورسٹی سٹاف ویلفیئر ایسوسی ایشن (اسوا) کا جنرل باڈی اجلاس اور عمرہ قرعہ اندازی منعقد

جون 29 کو یونیورسٹی سٹاف ویلفیئر ایسوسی ایشن (اسوا) کے زیرِ اہتمام جنرل باڈی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں یونیورسٹی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر حافظ احمد سعد الاحمد نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں یونیورسٹی ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ کراچی سینٹر کے ملازمین نے پروگرام میں آن لائن شرکت کی۔

پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے کیا گیا۔ بعد ازاں جنرل سیکرٹری اسوا نے ایسوسی ایشن کی کارکردگی، ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے کی جانے والی کاوشوں اور مختلف انتظامی امور پر شرکاء کو بریفنگ دی۔

صدر اسوا جناب طارق خان نے اپنے خطاب میں یونیورسٹی ملازمین کو درپیش مسائل، بقایا جات اور دیگر فلاحی امور پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملازمین کے بقایا جات کی ادائیگی کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے۔ اس موقع پر ریگولرائزیشن، اپ گریڈیشن اور انٹرنل LDC ٹیسٹ کے انعقاد کے مطالبات بھی پیش کیے گئے تاکہ ملازمین کے دیرینہ مسائل حل ہو سکیں۔

مہمانِ خصوصی پروفیسر ڈاکٹر حافظ احمد سعد الاحمد نے اپنے خطاب میں ملازمین کے بقایا جات کے مسئلے کو تسلیم کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ انتظامیہ اس معاملے کے حل کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے اور ان شاء اللہ جلد مثبت پیش رفت سامنے آئے گی۔

اجلاس کے دوران اسوا عمرہ اسکیم کی پالیسی متفقہ طور پر منظور کی گئی۔ بعد ازاں عمرہ قرعہ اندازی کا انعقاد کیا گیا جس میں پانچ مرد اور دو خواتین ملازمین خوش نصیب قرار پائے۔ اسوا کی قیادت نے منتخب امیدواروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

پروگرام کے دوران یونیورسٹی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر حافظ احمد سعد الاحمد کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔ مزید برآں اسوا کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری جناب مجیب الرحمٰن کو اسوا کی سرکاری ویب سائٹ کی تیاری اور ڈیجیٹل خدمات کے اعتراف میں خصوصی شیلڈ اور خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

کراچی سینٹر کے ملازمین نے لائیو نشریات کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی اور اسوا کی جانب سے ملازمین کے مسائل کے حل کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔

پروگرام کے اختتام پر اسلام آباد کیمپس اور کراچی سینٹر میں شرکاء کے لیے ظہرانے کا اہتمام کیا گیا، جس میں شرکاء نے بھرپور شرکت کی۔

Scroll to Top