یونیورسٹی سٹاف ویلفیئر ایسوسی ایشن(اسوا)

University Staff Welfare Association

International Islamic University, Islamabad

چوہدری اسحاق(سپروائزر) کے اعزاز میں الوداعی تقریب، اسوا قائدین اور ملازمین کی بھرپور شرکت

بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے اسٹیٹ مینجمنٹ سیکشن کے زیر اہتمام 30 جون 2026ء کو ریٹائر ہونے والے ملازم چوہدری اسحاق مسیح کے اعزاز میں ایک پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں اسوا کے قائدین سمیت جامعہ کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر مقررین نے چوہدری اسحاق کی تقریباً 40 سالہ خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں ایک محنتی، دیانت دار، فرض شناس اور خوش اخلاق ملازم قرار دیا۔ صدر اسوا نے اپنے خطاب میں کہا کہ چوہدری اسحاق مسیح نے چار دہائیوں تک انتہائی ذمہ داری اور خلوص کے ساتھ جامعہ کی خدمت کی اور ہمیشہ اپنے کردار اور محنت کے ذریعے دوسروں کے لیے ایک مثال قائم کی۔

تقریب میں ملازمین کی بڑی تعداد میں شرکت اس بات کا واضح ثبوت تھی کہ چوہدری اسحاق اپنی بہترین پیشہ ورانہ صلاحیتوں، دیانت داری اور خوش اخلاقی کی وجہ سے ساتھی ملازمین میں بے حد مقبول تھے۔

اس موقع پر اسٹیٹ مینجمنٹ سیکشن کے انچارج جناب صہیب قریشی نے چوہدری اسحاق کو ان کی طویل اور شاندار خدمات کے اعتراف میں یادگاری شیلڈ پیش کی۔ جبکہ صدر اسوا نے ان کی خدمات کے اعتراف میں تعریفی سرٹیفیکیٹ بھی پیش کیا۔ شرکاء نے تالیوں کی گونج میں ان کی خدمات کو سراہا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء کے اعزاز میں ظہرانے کا بھی اہتمام کیا گیا، جہاں حاضرین نے چوہدری اسحاق کے ساتھ اپنی یادیں تازہ کیں اور ان کی آئندہ زندگی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اپنے تاثرات میں چوہدری اسحاق نے اسٹیٹ مینجمنٹ سیکشن، اسوا قائدین اور تمام ساتھی ملازمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ میں گزارے گئے 40 سال ان کی زندگی کا قیمتی اثاثہ ہیں اور وہ یہاں کی یادوں کو ہمیشہ اپنے ساتھ رکھیں گے۔

Scroll to Top