
یونیورسٹی سٹاف ویلفیئر ایسوسی ایشن (USWA) کے جنرل باڈی اجلاس میں ایسوسی ایشن کی رجسٹریشن مکمل ہونے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا گیا اور جامعہ کے تمام ملازمین کو مبارک باد پیش کی گئی۔ اجلاس میں ملازمین کے حقوق کے تحفظ، تنخواہوں میں واجب الادا اضافوں اور بقایاجات کی ادائیگی کے لیے متحد ہو کر پُرامن اور قانونی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس کے دوران 2008ء میں جمہوریت کی بحالی کے لیے جدوجہد کرنے والے ملازمین کو شیلڈز پیش کرکے ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ دورانِ ملازمت ایم ایس/ایم فل کی ڈگری حاصل کرنے والے ملازمین میں اسناد تقسیم کی گئیں، جبکہ عمرہ اسکیم کے تحت قرعہ اندازی کے ذریعے دو خواتین اور پانچ مرد ملازمین کو منتخب کیا گیا۔ اسوا نے تمام منتخب ملازمین کو مبارک باد پیش کی۔
اس موقع پر آسا کے صدر ڈاکٹر حبیب اللہ اور ڈاکٹر منظور نظر کا خصوصی شکریہ ادا کیا گیا کہ انہوں نے اسوا کی دعوت پر اجلاس میں شرکت کی۔ پاسبان گروپ، سائبان گروپ اور شاہین گروپ کی شرکت کو بھی سراہا گیا اور اسے ملازمین کے حقوق کے لیے اتحاد، یکجہتی اور مشترکہ جدوجہد کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا گیا۔
صدر اسوا محمد طارق خان نے اپنے خطاب میں مطالبہ کیا کہ ملازمین کی تنخواہوں میں واجب الادا 7 فیصد، 15 فیصد اور 85 فیصد اضافے فوری طور پر شامل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین طویل عرصے سے اپنے جائز حقوق کے منتظر ہیں اور اب ان کے مطالبات پر عملی اقدامات کیے جانے چاہییں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر ان اضافوں پر عمل درآمد نہ ہوا تو اسوا جامعہ کے اندر یا ہائر ایجوکیشن کمیشن، کشمیر ہائی وے، پارلیمنٹ ہاؤس اور پریس کلب کے مقام پر پُرامن احتجاج ریکارڈ کرائے گی۔
صدر اسوا نے مزید کہا کہ جدوجہد صرف تنخواہوں میں ان اضافوں تک محدود نہیں رہے گی بلکہ ملازمین کے تمام واجب الادا بقایاجات کی ادائیگی کے لیے بھی بھرپور آواز اٹھائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسوا ملازمین کے جائز مالی حقوق کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور احتجاج سمیت تمام اقدامات قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے پُرامن انداز میں کیے جائیں گے۔
محمد طارق خان نے اپنے خطاب میں بتایا کہ ورکنگ باڈی اور ایگزیکٹو باڈی کے ارکان پہلے ہی قرآنِ پاک پر حلف دے چکے ہیں کہ وہ ملازمین کے حقوق اور جائز مطالبات کی منظوری کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر جنرل باڈی اجلاس میں شریک ملازمین نے بھی عہد کیا کہ وہ اسوا کے ساتھ متحد رہیں گے اور ملازمین کے حقوق کے لیے اسوا کی جانب سے دیے جانے والے ہر پُرامن اور قانونی لائحہ عمل میں بھرپور ساتھ دیں گے۔
اجلاس کے اختتام پر اسوا نے تمام ملازمین، معاون گروپس اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملازمین کے جائز حقوق، معاشی تحفظ، تنخواہوں میں واجب الادا اضافوں اور تمام بقایاجات کی ادائیگی تک متحد ہو کر پُرامن اور قانونی جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔